پاکستان میں مسلسل برفباری اور بارشوں کے باعث کشمیر اور صوبہ بلوچستان میں27 افراد ہلاک
پاکستان میں گذشتہ 48گھنٹوں کے دوران مسلسل برفباری اور بارشوں کے باعث کشمیر اور صوبہ بلوچستان میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق صوبے میں مسلسل بارش اور برفباری کے باعث چھتیں گرنے سے اب تک 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ضلع قلعہ سیف اللہ میں کان مہترزئی میں شدید برفباری کے باعث متعدد گاڑیوں میں پھنسے سینکڑوں افراد کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔تاہم اب سے کچھ دیر قبل کمشنرژوب سہیل الرحمان نے نے میڈیاسے بات چیت میں تصدیق کی کہ گاڑیوں میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس وقت علاقے میں درجہ حرارت منفی 13 ہے جس کے باعث شاہراہ کو مکمل طور پر بحال نہیں کیا جا سکا جسے صبح تک بحال کر دیا جائے گا۔دوسری جانب آزادکشمیر میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے ایس ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق دو روز کے دوران مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 12 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔