وادی نیلم میں ہونے والے جانی مالی نقصان کے ازالے کیلئے حکومت تما م تروسائل بروئے کار لارہی ہے۔بیرسٹرسید افتخار علی گیلانی

آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بیرسٹرسید افتخار علی گیلانی نے کہاہے کہ برفانی تودے گرنے کے باعث وادی نیلم میں ہونے والے جانی مالی نقصان کے ازالے کیلئے حکومت تما م تروسائل بروئے کار لارہی ہے۔ پاک فوج کی مدد سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیںاور جاں بحق افراد کی میتیں نکالی جارہی ہیںجبکہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے مختلف طبی مراکزی میں منتقل کیا جارہاہے۔ راستوں کی بند ش کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات درپیش ہیں تاہم متاثرین کیلئے خیمے 'کمبل ' راشن 'ادویات وغیرہ اٹھمقام پہنچا دی گئی ہیںاور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ریسکیو میں مصروف ہیں۔ دارالحکومت کے اندر شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بلا تخصیص فنڈز مہیا کئے جارہے ہیں ۔مدت دراز سے زیرالتواء شہر کے اہم منصوبہ جات جن میں سبزی منڈی 'سلاٹر ہائوس' واک وے ' شاہ سلطان برج کے منصوبے منظور ہو چکے ہیں۔ ان خیالا ت کااظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت کی نومنتخب انتظامیہ کو مبارکباد دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول ' ارم قریشی ' فرخ اعوان ' سیدناصر علی شاہ سمیت لیگی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے مرکزی ایوان صحافت کے نومنتخب صدرسجاد قیوم میر' سینئر نائب صدر' بشارت مغل' نائب صدرنصیر اعوان'سیکرٹری جنرل ذوالفقارحسین بٹ ' ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ثاقب علی حیدری 'جائنٹ سیکرٹری راجہ اعجاز 'سیکرٹری مالیات محمد انصر صدیق خواجہ اور سیکرٹری اطلاعات سید اذکار حسین نقوی کو مبارکباد ی۔رہنمائوں نے مالا پہنا ئی اور مٹھائی بھی کھلائی ۔ وزیرتعلیم نے مزید کہاکہ وادی نیلم میں برفانی تودے گرنے سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے ۔ شدید موسمی حالات کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات درپیش ہیں تاہم متاثرین کی بحالی اور انھیں فور ی ریلیف کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے۔ حکومت نے موسمی حالات کے پیش نظر ہائی الرٹ کررکھا ہے۔اور تمام اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رکھا گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے تاہم حکومت ہر قسم کے حالات سے بنرد آزما ء ہونے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری حلقہ کے اندر بلا تخصیص عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ اہم شہری منصوبے ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں ۔ سبزی منڈی 'واک وے 'سلاٹر ہائوس کے منصوبے رواں مالی سال میں ہی مکمل گریں گے۔ جبکہ شاہ سلطان برج کے میگا پراجیکٹ کو بھی عملی جامہ پہنچایا جائیگا۔ یہ منصوبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس منصوبہ پر 2ارب روپے لاگت آئے گی جس سے ٹریفک مسائل یکسو ہوسکیں گے۔