نقیب اللہ قتل کیس میں را ئو انوار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج
سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر را ئوانوار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی۔جمعرات کوچیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر را ئوانوار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ یہ بتائیں، آپ کو ہی حاضری سے استثنی دے دیں۔ کیا یہ دوسروں سے امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔رائو انوار کے وکیل عامر منسوب ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حساس اداروں نے رائو انوار کی سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ دی ہے۔ میرے موکل کو سخت سیکیورٹی خدشات ہیں۔چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے ٹرائل کورٹ کو روز کی بنیادی پر سماعت کی ہدایت دے دیتے ہیں۔ آپ کی اس درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ جس پر عامر منسوب نے استدعا کی عدالت درخواست مسترد نہ کرے، ہم واپس لے لیتے ہیں۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی اور درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔واضح رہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر رئوا انوار نے ٹرائل کورٹ سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ رائو انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست پہلے ہی مسترد کرچکی۔ رائو انوار کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔