فوج نے ایران پر حملے کے 3 منصوبے بنائے; اسرائیلی فوجی سربراہ کا انکشاف

تل ابیب: اسرائیلی فوج کے سربراہ جنرل اویو کوچاوی نے انکشاف کیا ہے کہ فوج نے ایران پر جوابی حملے کے لیے گزشتہ ایک سال کے دوران تین منصوبے بنائے تھے اور ان کا بنیادی مقصد ایران کی جوہری تنصیبات اور اس کی مدد کرنے والے منصوبوں کو تباہ کرنا تھا۔اسرائیلی فوج کی سربراہی سے آئندہ ہفتے سبکدوش ہونے والے چیف آف اسٹاف جنرل اویو کوچاوی نے بحیثیت فوجی سربراہ اپنے آخری میڈیا انٹرویو میں ’اسرائیل ہایوم‘ سے گفت و شنید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی وقت بڑی جنگ میں داخلے کی ضرورت ہوتی ہے تو اس مقصد کے لیے اضافی فوجی مقامات اور موجود فوجی اثاثوں کو نئی فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔انتہائی دلچسپ بات ہے کہ جنرل اویو کوچاوی کا عبرانی زبان میں ہونے والے انٹرویو کو اہتمام کے ساتھ عربی زبان میں بھی شائع کیا گیا ہے جب کہ اس کے انگریزی ترجمے کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت ایک روایت کے تحت میڈیا کو انٹرویو دیتے ہیں جس میں کئی انکشافات و اعترافات بھی کیے جاتے ہیں۔