توشہ خانہ سے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے بارے درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالہ سے دائر درخواست سماعت کے لئے مقررکردی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ سوموارکے روز درخواست پر سماعت کریں گے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر توشہ خانہ سے لئے جانے والے تحائف کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ مقامی شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں یہ نقطہ اٹھایا تھا کہ 1947سے اب تک کس،کس نے کتنے تحائف حاصل کئے اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس حوالہ سے وفاقی حکومت کو متعدد درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوسکی۔