ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ
پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے آخری روز فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 1200 روپے اور 1029 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 87 ہزار 300 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 60 ہزار 580 روپے ہوگئی۔ بین الاقوامی بولین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 20 ڈالر کا اضافہ ہوا، اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1920 ڈالر کی سطح پر آگئی۔