کراچی: فائرنگ کےمختلف واقعات میں میاں بیوی سمیت پانچ افراد کو قتل ۔

دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کراچی کے نواحی علاقے کھوکھراپار میں ہوئی جہاں آج صبح کچی آبادی میں واقع مکان سے نوجوان میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئیں،پولیس کے مطابق اڑتیس سالہ جمن شاہ اور تیس سالہ ندا بی بی کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کیا۔ دونوں کے سروں میں گولیاں ماری گئیں۔مقتولین کے تین بچے ہیں،پولیس ابتدائی طور پراسے ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے جبکہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ آنسو گوٹھ ملیر میں بھی فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا جبکہ سہراب گوٹھ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔