افغان جنگ کا خاتمہ ہوتا نظر نہیں آرہا، ویتنام کے بعد افغانستان میں بھی امریکہ کی کامیابی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ امریکی اخبار
امریکی اخبارشکاگو ٹربیون نے افغانستان کے بد سے بدتر ہوتے حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے افغان جنگ کو ایک ایسی جنگ قرار دیا ہے جس کا خاتمہ ہوتا نظر نہیں آتا۔ اخبار میں لکھا ہے کہ رواں ہفتہ افغانستان میں پرتشدد واقعات اور ہلاکتوں کے اعتبار سے بدترین رہا، اخبار کے مطابق افغانستان میں اس سال اب تک ایک سو چھہتر امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دوہزار ایک سے جاری افغان جنگ میں اب تک دو ہزارسے زائد امریکی فوجیوں کو نگل چکی ہے۔ پندرہ ہزار سے زائد امریکی فوجی اب تک اس جنگ میں زخمی ہوئے ہیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ افغانستان میں پانچ کھرب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکت میں تین گنا تک اضافہ ہوچکا ہے۔ اورامریکی تاریخ کی اس طویل ترین جنگ کے بعد دوہزارچودہ میں امریکی فوج افغانستان سے نکل جائے گی۔ لیکن امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ اخبار کے مطابق امریکہ ویتنام میں بھی ایماندار اور اہل جمہوری حکومت کے قیام میں ناکام ہوا تھا اوراب افغانستان میں بھی اس کی کامیابی کے کوئی آثارنظر نہیں آتے۔