ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 2اگست تک توسیع کر دی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کیلئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لئے اگلے ماہ کی دو تاریخ تک توسیع کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں ایک پریس ریلیز میں انہوں نے لوگوں پرزور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور مشکلات سے بچنے کیلئے اپنے ٹیکس گوشوارے بروقت جمع کرائیں۔انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈی نینس کے مطابق اُن افراد کیلئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا لازمی ہے جو پانچ سو مربع گز سے زائد رقبے پر محیط مکان یا ہزار سی سی سے زیادہ کی گاڑی کے مالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈ ی نینس2001 کی شق181AA کے مطابق گیس اور بجلی کے تجارتی اور صنعتی صارفین کیلئے ٹیکس دہندگان کی فعال فہرست کا حصہ بننا ناگزیر ہے۔