انگلینڈ تاریخ کا دھارا بدل کر عالمی چیمپیئن بن گیا

انگلینڈ نے 2019 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں بھی میچ ٹائی ہونے کے بعد باؤنڈریز کی بنیاد پر شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔لارڈز کے تاریخ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سنسنی خیز ورلڈکپ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انگلش باؤلرز نے نپی تلی گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے اوپنرز کو کھل کر کھیلنے کی اجازت نہیں دی البتہ گزشتہ میچوں کی نسبت اس مرتبہ کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا۔گزشتہ میچوں میں بدترین ناکامی سے دوچار رہنے والے مارٹن گپٹل آج قدرے بہتر فارم میں نظر آئے لیکن 29 کے مجموعی اسکور پر وہ 19 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو قرار پائے، انہوں نے ناصرف اپنی وکٹ گنوائی بلکہ ریویو لے کر اپنی ٹیم کو اہم سہولت سے محروم کردیا۔اس کے بعد ہنری نکولس کا ساتھ دینے کپتان کین ولیمسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا اور ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔