انگلینڈ 44 سال بعد پہلی مرتبہ کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بن گیا، میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا

لندن(چودھری اشرف) ورلڈ کپ 2019ء میں میزبان انگلینڈ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو سپر اوورز میں شکست دیکر 44 سال بعد عالمی چیمپیئن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔ ہوم گراونڈ پر ٹائٹل جیتنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔ نیوزی لینڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 241 رنز بنائے جواب میں انگلش ٹیم بھی پچاس اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 241 رنز بنا سکی۔ میچ کا فیصلہ سپر اوورز میں ہوا۔ جس میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ گیندوں پر 15 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ ٹیم نے بھی چھ گیندوں پر 15 رنز بنا لیے تھے تاہم ان کا ایک کھلاڑی آوٹ ہونے کی وجہ سے انگلینڈ ٹیم ٹورنامنٹ کی فاتح قرار پائی۔تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گپٹل اور نیکولس نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے دفاعی حکمت عملی اپنائی تاہم 29 کے سکور پر کیوی ٹیم کو پہلا نقصان گپٹل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ گپٹل کو کرس واکس نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ نیکولس نے کپتان ویلیمسن کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کی شراکت میں مزید 74 رنز کا اضافہ کیا۔ نیوزی لینڈ کا سکور 103 پر پہنجا تو اس موقع پر کین ویلیمسن انگلش باولر پلنکٹ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے بٹلر کے ہاتھوں کیے آوٹ ہو گئے۔ کیوی کپتان ویلیمسن نے 53 گیندوں سامنا کیا جس میں دو چوکوں کی مدد سے 30 رنز سکور کیے۔ انگلش ٹیم کو جلد ہی ایک اور کامیابی مل گئی جب فاسٹ باولر پلنکٹ نے نیوزی لینڈ کے ہنری نیکولس کو ان سائیڈ ایج پر کلین بولڈ آوٹ کر دیا اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 118 رنز تھا۔ نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان 141 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب روز ٹیلر 15 رنز بنانے کے بعد انگلش باولر مارک ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں لیتھم اور جیمز نیشام کے درمیان 32 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 173 کے سکور پر ہوا۔ جیمز نیشام 19 رنز بنانے کے بعد پلنکٹ کی گیند پر جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے دو سو رنز 43.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مکمل ہوئے۔ 219 کے ٹوٹل پر گرینڈ ہوم بھی 16 رنز بنانے کے بعد واکس کی گیند پر متبادل کھلاڑی ونس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ لیتھم کی گری انہوں نے 47 رنز دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے اور وہ بھی واکس کا شکار ہوئے۔ واکس کی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔ 240 کے سکور پر نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ ہینری کی گری جنہوں نے 4 رنز بناگئے اور وہ انگلش باولر آرچر کا شکار بنے۔ مقرر۔ پچاس اوورز میں نیوزی لینڈ ٹیم 8 وکٹوں پر 241 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے باولنگ میں پلنکٹ اور کرس واکس نے تین تین، مارک ووڈ اور آرچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔