اپوزیشن کو گناہوں کا پتا ہے اس لیے احتساب سے بھاگ رہی ہے، شبلی فراز
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ماضی میں میرٹ اور شفافیت سے عاری کلچر متعارف کرایا گیا، ماضی کے حکمرانوں نے حرص اور کرپشن کی بنیاد پر حکومتیں چلائیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامہ پہنا رہی ہے، اپوزیشن کی پھیلائی گئی غیریقینی صورتحال کے باوجود ہم ثابت قدم رہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے مضبوط ملکوں کی معیشت کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے، سرکاری اداروں میں تعیناتی کے نظام میں اصلاحات پر کام کررہے ہیں، کابینہ کے اب تک 93 اجلاسوں میں سے 1759 فیصلے کیے گئے، 1579 پر عمل ہوچکا ہے، 28 فیصلے تاخیر کا شکار ہیں جبکہ 46 پر عملدرآمد باقی ہے۔