خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارش اور سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے: وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیر اعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب میں مرنے والے افراد کے لواحقین کو سروے کے بعد 10 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔سیلاب متاثرین کے لواحقین کو دی جانے والی رقم این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر حکام کے مشترکہ سروے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم غمزدہ ہے، غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں،بلوچستان اور کے پی کی حکومتوں نے اب تک اچھا کام کیا ہے لیکن مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت متاثرہ صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے فوری طور پر کوئٹہ پہنچیں گے اور سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔