پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے سیریز کے باقی میچز بارش ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے میں کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
کرکٹ سری لنکا کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے آخری دو ون ڈے میچز بارش کے خطرے کے پیش نظر کولمبو سے گال يا ہمبن ٹوٹا منتقل کرنے کا امکان رد کردیا گیا ہے۔ اب یہ دونوں میچز شیڈول کے مطابق ہی ہونگے تاہم بارش ہونے کی صورت میں میچ کا فیصلہ اضافی دن میں کرایا جائے گا۔ سری لنکن بورڈ کے مطابق ہفتے کو ہونے والا چوتھا ون ڈے بارش کے باعث نہ ہوسکا تو یہ میچ اتوار کو کھيلا جائے گا جبکہ آخری ون ڈے پير کو کھيلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اورسری لنکا کے درميان جاری سيريز کا تيسرا ايک روزہ ميچ بارش کے باعث صرف چھ اعشاريہ دو اوورز بعد ہی منسوخ کرنا پڑا تھا۔