بنی گالہ اراضی کی خریداری کی منی ٹریل سپریم کورٹ میں جمع
عمران خان نے بنی گالہ اراضی کی خریداری کے لیے جمائما سے وصول رقم کی ٹریل سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے جمائما خان کے بینک اکاؤنٹس، خطوط اور ہدایات منظرعام پر نہ لانے کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جمائما خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات صرف عدالت کیلیے ہیں۔ عمران خان نے درخواست کے ساتھ جمائما خان کے لیگزن برگ بینک کے لیٹرز بھی لف کیے ہیں۔ عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق جمائما خان نے انتیس جولائی دوہزار دو کو دولاکھ پچھتر ہزار سے زائد جبکہ آٹھ اپریل دو ہزار دو کو دو لاکھ سترہ ہزار ڈالرز راشد خان کے اکاؤنٹ میں بھجوائے۔ جمائما خان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سے ساڑھے چارلاکھ سے زائد ڈالرز بھجوانا ثابت ہوتا ہے۔ جمائما خان نے بائیس جنوری دو ہزار تین کو بھی ایک لاکھ ڈالرز بھجوائے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے یہ رقم کس بینک اکاؤنٹ سے بھجوائی تھی۔