سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم کیسز کی سماعت ہوئی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم کیسز کی سماعت ہوئی۔ مارگلہ ہلز کی پہاڑیوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کیخلاف از خود نوٹس میں چیف جسٹس پاکستان نے آئندہ سماعت پر ڈی جی سروے جنرل پاکستان کو طلب کرلیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کو جیل جانا ہوگا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ چھ ماہ قبل مارگلہ ہلز پر تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کا حکم دیا تھا۔ تین مرتبہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگ چکی ہے کسی کو کوئی خیال ہی نہیں۔ اٹھارویں پیشی پر آ کر کہتے ہیں کہ مہلت دی جائے۔ وکلا کی جعلی ڈگریوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت میں چیف جسٹس نے گزشتہ دس برسوں میں اینرول ہونے والے وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پنجاب کے غیر الحاق شدہ لاء کالجز کی تفصیلات گیارہ جولائی کو طلب کر لیں۔ ڈگریوں کی تصدیق پرخرچ ہونے والی رقم سے متعلق چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کردیئے۔ وکلا کیلئے ہاوسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مجھے یہ شکایت نہیں آنی چاہیے کہ آپ زبردستی لوگوں کی اراضی ایکوائر کرارہے ہیں۔ عدالت نے چھ ہفتوں میں اراضی ایکوائر کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔