ایون فیلڈ ریفرنس: مریم نواز کے وکیل کے پیش نا ہونے پر سماعت ملتوی

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش نا ہوئے ان کے معاون وکیل اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امجد پرویز کی طبعیت کل سے ناساز ہے اس لئے پیش نہیں ہوسکتے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کا کہنا تھا کہ تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ اپنی مرضی کا وقت رکھوا کر کہتے ہیں کہ آج پیش نہیں ہورہے۔ باہر جا کر یہ لوگ شور کرتے ہیں کہ ٹرائل میں تاخیر ہورہی ہے۔ اگر وکلا کیس نہیں چلاسکتے تو ملزمان خود آ کر دلائل دیں۔
وکیل جہانگیر جدون کا کہنا تھا کہ نیب کے وکیل عدالت کو ڈکٹیٹ نہ کریں۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن میرے لیے ہیں آپ لوگوں کے لیے نہیں۔ پیچھے جو غلطیاں ہو ئی ان کو چھوڑیں آگے کی بات کریں۔ آٹھ جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہو جائے گا۔ اب سپریم کورٹ سے ریفرنس کیلئے مزید وقت مانگنے میں شرم آتی ہے۔ جتنا وقت ملزمان کے وکیل ضائع کر رہے ہیں یہ ان کے حصہ کا ہے دلائل میں میں کم وقت دوں گا۔ مجھے شام تک بھی بیٹھنا پڑا تو بیٹھوں گا۔ سپریم کورٹ کہے گی احتساب عدالت کا جج کام نہیں کرتا۔ عدالت نے امجد پرویز کو انیس جون کو حتمی دلائل کے لیے آخری موقع دے دیا۔