سابق صدر پرویز مشرف نے وطن واپسی کیلئے سپریم کورٹ سے مہلت مانگ لی
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سابق صدر پرویز مشرف کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ی چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق فوری اپ ڈیٹ لے کر جواب جمع کرانےکا حکم دیت ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔ وقفے کے بعد سماعت کا آغاز ہوا تو پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پرویز مشرف سے بات ہوئی ہے انہوں نے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگی ہے۔ وکیل پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ میرے موکل پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں عید کی تعطیلات اور موجودہ حالات کے پیش نظر سفر نہیں کرسکتے۔ وکیل پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے استدعا کی ہے کہ عدالت پاکستان آنے کی مہلت دے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹھیک ہے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کرتے ہیں جب آپ کہیں گے تب کیس لگادیں گے۔ عدالت نے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی اجازت واپس لے لی۔عدالت کی جانب سے عبوری حکم کے واپس لینے کی بناء پر پرویز مشرف عام انتخابات 2018میں حصہ نہیں لے سکتے۔ سپریم کورٹ نےسابق صدر پرویز مشرف کو آج تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔