سپریم جوڈیشل کونسل میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنسز پر سماعت آج ہوگی
سپریم جوڈیشل کونسل میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنسز پر سماعت آج ہوگی۔ چیف جسٹس بطور چیئرمین کونسل اجلاس کی صدارت کریں گے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنسز پر سپریم جوڈیشل کونسل آج ابتدائی سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ بطور چیئرمین کونسل کی سربراہی کریں گے جبکہ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس عظمت سعید کونسل کا حصہ ہوں گے۔ جبکہ کونسل کے دیگر ارکان میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ شامل ہوں گے۔ وزارت قانون کی جانب سے چند روز قبل جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں کا کھوج لگانے کیلئے بنائے گئے اثاثہ جات ریکوری یونٹ کی جانب سے وزارت قانون کو دونوں معزز ججز کی اہلیہ اور بچوں کے نام لندن میں جائیدادوں کی شکایت ملی تھی جو گوشواروں میں ظاہر نہیں کی گئی۔ پاکستان بار کونسل نے ریفرنس کی سماعت کے روز ملک بھر میں ہڑتال اور پرامن احتجاج کی کال دے رکھی ہے تاہم ریفرنس کے خلاف ہڑتال اور احتجاج پر وکلاء تنظیمیں واضح تقسیم نظر آتی ہیں۔ متوقع احتجاج کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے