سوڈان کے معزول صدر عمرالبشیر پرمالی بدعنوانی کا الزام عائد
سوڈان کے پبلک پراسیکیوٹر نے معزول صدر عمرالبشیر پرمالی بدعنوانی کا الزام عاید کیا ہے۔ سوڈان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی'سونا' کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل نے 11 اپریل کو فوج کے ہاتھوں معزول ہونے والے سابق صدرعمرالبشیرپرمالی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کےالزامات عاید کیے ہیں۔ نیوز ایجنسی نے'ذرائع' کے حوالے سے بتایا کہ معزول صدر پرغیرملکی کرنسی قبضے میں رکھنے، حرام کی دولت جمع کرنے اور مشکوک جائیدادیں بنانے کا الزام ہے۔ خیال رہے کہ سوڈان میں عوام کے طویل احتجاج کے بعد ملک کی مسلح افواج نے سابق صدر عمرالبشیرکوان کےعہدے سے ہٹا کراقتداراپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔ عمرالبشیری کی معزولی کے بعد قائم کی جانے والی عبوری عسکری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البُرھان نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق صدر کی رہائش گاہ سے 10 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملٹری انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر سیکیورٹی تحقیقاتی اداروں کو عمرالبشیر کے گھر کی تلاشی کے دوران 70 ملین یورو، تین لاکھ 50 ہزار ڈالر اور پانچ ارب سوڈانی پائونڈ قبضے میں لیے گئے۔ 'سونا' کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سابق صدر کے خلاف مالی بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ چلانے کے لیے تمام ثبوت اکھٹے کیے گئے ہیں۔ سوڈانی پراسیکیوٹر جنرل نے گذشتہ ماہ سابق صدرپر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ جاری کرنے کے الزامات کی تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا۔