شاہ محمود قریشی کی وزارت خارجہ میں جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے مشاورت
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیلی کام کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس میں وزارت خارجہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے خصوصی مشاورت کی گئی۔ٹیلی کام کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج نے دنیا کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا ہے آج دنیا بھر میں تمام اہم اجلاس ویڈیو لنک اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں، آگے بڑھنے کیلئے ہمیں اپنے امور کی انجام دہی میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا اور اس وبا کے مضمرات کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں اپنی آئندہ کی حکمت عملی اور لائحہ ء عمل کو وضع کرنا ہو گا۔