پی ایس ایل 6: پشاور زلمی کا ملتان سلطانز کو فتح کیلئے 167 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شرفین ردرفورڈ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو فتح کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے۔پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل نے سنبھل کر اور قدرے سست رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں خصوصاً حیدر علی کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نوجوان بلے باز نے 30 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔کامران اکمل نے ابتدا میں جدوجہد کے بعد شاہنواز دھانی کو ایک ہی اوور میں تین چوکے مارے اور اس کی اگلی ہی گیند پر انہیں اس وقت نئی زندگی ملی جب وکٹ کیپر رضوان ان کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔پہلے اوور میں غیرمتاثر کن باؤلنگ کے باوجود دھانی نے بہترین انداز میں کم بیک کرتے ہوئے کامران کو آؤٹ کر کے اس 71 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا اور اگلی ہی گیند پر شعیب ملک کو بھی چلتا کردیا۔پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنزبنائے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔