پی ایس ایل 6: ملتان سلطانز نےبا آسانی پشاور زلمی کو شکست دیدی
پی ایس ایل 6 کے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹ سے شکست دیدی۔ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے جو انہوں نے 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔اوپننگ بلے باز شان مسعود 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان اور شعیب مقصود نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، شعیب مقصود 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضون 82 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے پہلےپاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شرفین ردرفورڈ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو فتح کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے۔پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل نے سنبھل کر اور قدرے سست رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں خصوصاً حیدر علی کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نوجوان بلے باز نے 30 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔کامران اکمل نے ابتدا میں جدوجہد کے بعد شاہنواز دھانی کو ایک ہی اوور میں تین چوکے مارے اور اس کی اگلی ہی گیند پر انہیں اس وقت نئی زندگی ملی جب وکٹ کیپر رضوان ان کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔پہلے اوور میں غیرمتاثر کن باؤلنگ کے باوجود دھانی نے بہترین انداز میں کم بیک کرتے ہوئے کامران کو آؤٹ کر کے اس 71 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا اور اگلی ہی گیند پر شعیب ملک کو بھی چلتا کردیا۔پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنزبنائے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔