قومی سلامتی کمیٹی میں واضح طور پر بتایا گیا کسی قسم کی سازش نہیں ہوئی: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان میجر ،جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں واضح اور تفصیلی طور پر بتایا گیا کہ کسی قسم کی سازش نہیں ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں سروسز چیف کی موجودگی میں ایجنسیوں نے بریف کیا کہ کسی بھی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا ، ہم نے سب کچھ تفصیلی طور پر دیکھا ہے ، مداخلت سفارتی لفظ ہے ، اس لیے سفارتی طور پر ہی ایکشن لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہمیشہ ڈیفنس بجٹ پر بحث شروع ہو جاتی ہے، بجٹ میں محدود وسائل کو مدنظر رکھا جاتا ہے، اور اس کے اندر رہ کر تمام ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں. ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان کی لیڈرشپ کو پراپیگنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، پاک فوج کے خلاف من گھڑت افواہیں اڑائی جارہی ہیں ، جھوٹ کا سہارا لے کر حقائق کو مسخ نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ کا سہارا لے کر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کا حق کسی کو نہیں ، اپنی رائے دینے کا حق سب کو ہے۔بجٹ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ دفاعی بجٹ کو بڑھایا۔ 2020ء سے پاکستانی افواج نے اپنے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا، مہنگائی کے تناسب سے کم ہوا ہے، دفاعی بجٹ جی ڈی پی پرسنٹ ایج میں نیچے جارہا ہے۔