عمران خان، ان کی اہلیہ نے بحریہ ٹاؤن سے بطور رشوت زمین حاصل کی: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا الزام

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے بحریہ ٹاؤن کی برطانیہ میں پکڑی گئی 50 ارب روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ان سے ایڈجسٹمنٹ کی اور شہزاد اکبر کی مدد سے 5 ارب روپے کمیشن وصول کیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ 3 دسمبر 2019 کو اس وقت کی وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں لفافے میں بند کسی معاہدے کی منظوری دی گئی تھی اور یہ بتایا گیا کہ اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ سے کہا کہ اس میں کوئی چیز ہے اور اس کی آپ منظوری دے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میڈیا نے خبریں دی تھیں کہ کابینہ کے اراکین نے سوال کیا تھا کہ ہمیں بتائیں تو اس میں ہے کیا تو کابینہ کی ایک خاتون رکن نے بلند آواز میں کہا تھا کہ ہم آپ کو بعد میں بتا دیں گے، بس اس کی منظوری دے دیں، اس کی بعد ازاں منظوری دے دی گئی۔