اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر رہا۔ جس کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑسے باہرہوگیا۔
ملائیشیا میں کھیلے جا رہے بائیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کا میچ دو دو گول سے برابررہا۔میچ کے برابر ہونے کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑسے بھی باہرہوگیا ہے۔ میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا،ملائیشیا کی جانب سے فیصل ساری نے چھٹے منٹ میں پنالٹی کارنر پرگول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی،پاکستان کی جانب سے کپتان محمد عمران نے پنالٹی کارنر پر پندرہویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔ دوسرے ہاف میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے گئے تاہم تریپن ویں منٹ میں ملائیشیا کےمحمد رضی نے پنالٹی کارنرپرگول کر کے میزبان ٹیم کوایک کے مقابلے دو گول کی برتری دلوائی۔پاکستان کی جانب سے میچ ختم ہونے کے آٹھ منٹ پہلے شفقت رسول نے گول کر کے ٹیم کوممکنہ شکست سے بچالیا۔ پاکستان کو فائنل کی دوڑ میں رہنے کیلئے میچ جیتنا ضروری تھا۔ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ جنوبی کوریا کے خلاف سولہ مارچ کوکھیلےگی۔