رینجرز نے ایم کیو ایم کے گرفتار کارکن عمیر صدیقی کے جرائم کی تفصیلات جاری کر دیں
ترجمان رینجرز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے گرفتار ٹارگٹ کلرعمیر صدیقی کو ایم کیو ایم مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ ملزم نے سابق کے ٹی سی انچارج حماد صدیقی کے حکم پر ایک ٹارگٹ کلنگ ٹیم تشکیل دی جس میں تئیس ٹارگٹ کلرز کو شامل کیا گیا۔ ملزم کو قتل کے تمام احکامات سابق کے ٹی سی انچارج حماد صدیقی سے ملتے تھے۔ عمیر صدیقی کی ٹارگٹ کلر ٹیم نے رینجرز کے لانس نائیک شوکت کا بھی قتل کیا اس کے علاوہ سابقہ سینیٹر فیصل رضا عابدی کے گارڈ شاہد حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عامر خان کے بھتیجے صبیخ اللہ کے قتل سمیت ایک سو بیس سے زائد کے قتل میں ملوث ہے۔ رینجرز کی جاری تفصیلات کے مطابق عمیر صدیقی نے دوران تفتیش یہ بھی انکشاف کیا کہ دو ہزار آٹھ میں انیس قائمخانی نے خورشید میموریل ہال میں لسانی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کو تیز کرنے کے لئے میٹنک کی جس میں سابق کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی تمام سیکٹر انچارجز اور جوائنٹ سیکٹر انچارجز نے شرکت کی۔۔ رینجرز کی جاری رپورٹ کے مطابق ملزم نے سانحہ بلدیہ کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری میں آگ بلدیہ کے سیکٹر انچارج رحمان بھولا نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آگ لگائی تھی۔