بجلی کے نرخوں میں دو روپے آٹھ پیسے فی یونٹ تک کمی کا امکان
نیپرا حکام کے مطابق سنٹرل پاوور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کےلئے بجلی کے نرخوں میں کمی کی درخواست ماہ جنوری کےلئے کی ہے۔ نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار میں ماہ جنوری میں کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت چار روپے انچاس پیسے فی یونٹ،ہائی سپیڈ ڈیزل سے چودہ روپے اکیانوے پیسے،فرنس آئل سے دس روپے چھبیس پیسے،گیس سے چار روپے ستائیس پیسے اور نیوکلئیر بجلی کی پیداواری لاگت ایک روپیہ سترہ پیسے فی یونٹ رہی جبکہ ایران سے درآمدی بجلی کے نرخ دس روپے بیس پیسے فی یونٹ ہے۔ درخواست کے مطابق ٹرانسمیشن لاسز کی مد میں ایک روپیہ پچاسی پیسے بھی طلب کئے گئے ہیں۔ نیپرا سنٹرل پاوور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کی سماعت اٹھارہ مارچ کو کرے گا جبکہ کمی کا ریلیف عوام کو آئندہ بلوں میں دیا جائے گا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے علاوہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہو گا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر بھی نہیں ہو گا۔