مردم شماری میں معذور افراد کیلئے کالم شامل نہ ہونے پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مردم شماری میں معذور افراد کیلئے کالم شامل نہ ہونے پر پاکستان بلائنڈایسوسی ایشن کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے درخوات پر وفاقی حکومت اور دیگر سے سترہ مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مردم شماری شروع ہونے والی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے مردم شماری فارم میں معذورافراد کا کالم شامل نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سندھ میں اس وقت پچاس لاکھ اور ملک بھرمیں دوکروڑسے زائد معذورافراد ہیں۔ جسٹس منیب نے ریمارکس دیئے کہ شیڈول جاری ہوچکا،حکومت کوخودخیال رکھنا چاہیے تھا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ مردم شماری میں معذور افراد کا کالم شامل کیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت،متعلقہ اداروں کوکالم شامل کرنےکیلئے خط لکھا جائے گا۔