پی ایس ایل تھری کے پچیسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو تینتس رنز سے شکست دے دی
ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور جے پی ڈومینی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 46 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن ڈومینی 6 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے تاہم رونکی نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی
لیوک نے الیکس ہیلس کے ساتھ ملکر 45 رنز کی شراکت قائم کی اور 36 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے الیکس ہیلز نے اپنے پہلی ہی پی ایس ایل میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کے ساتھ 46 رنز کی اننگز کھیلی۔نوجوان بلے باز حسین طلعت نے بھی 21 گیندوں پر 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 17 اور فہیم اشرف 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمر گل نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے
ملتان سلطانز کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسلام آباد کے بولر سمت پٹیل نے پہلے ہی اوور میں مخالف ٹیم کی 2 وکٹیں اڑا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ سنگاکارا چوتھی گیند پر سمیت پٹیل کا شکار بن گئے وہ صرف ایک رنز ہی بناسکے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سیف بابر بھی صرف ایک ہی گیند کے مہمان ثابت ہوئے پٹیل نے انہیں پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ ساتھی اوپنر کی پویلین واپسی کے بعد احمد شہزاد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے اور 3 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے۔صہیب مقصود اور کپتان شعیب ملک نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن ان کی ہمت بھی بالترتیب 13 اور 12 رنز پر جواب دے گئی جب کہ روس وائیٹلی کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی۔ سہیل تنویر اور عمر گل بھی 10،10 رنز ہی بناسکے۔ملتان سلطانز کی جانب سے کیرن پولارڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے اور 47 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 6 بلندوبانگ چھکے اور 5 چوکے شامل تھے،، ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 152 رنز پر پویلین لوٹ گئی