سپریم کورٹ نے پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں
سپریم کورٹ نے پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلات آنے پر دیکھیں گے کیا قانون سازی ہو سکتی ہے اور کیا فیصلہ دیا جا سکتا ہے۔ لوگ اوپن مارکیٹ سے ڈالر خرید کر فارن اکائونٹ سے باہر بھیج دیتے ہیںحکومت نے اب تک کیا کیا ہے کیا حکومت سو رہی ہے؟ عدالت نے کیس کی سماعت 20مارچ تک ملتوی کردی۔ بدھ کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پاکستانیوں کے غیرملکی بینک اکاونٹس واملاک سے متعلق کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک کے پیش نہ ہونے پر اظہاربرہمی کیا چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کوعدالت میں موجودہوناچاہیے تھا گورنراسٹیٹ بینک پر عدالت انحصار کررہی ہے ، اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر بنی کمیٹی نے تجاویزوسفارشات پیش کردی ہیں جن میں کمپنی نے فارن کرنسی کی موومنٹ کے حوالے سے قوانین میں ترمیم کی سفارش کی ہے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہناتھا کہ چیک اینڈ بیلنس کے لیے قوانین میں ترمیم درکار ہے جبکہ دوسرے ممالک کے ساتھ معاہدوں کے مسائل بھی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ کمیٹی کی تجاویز ہمیں اتنی متاثر کن نہیں لگیں یہ تجاویز توہم بھی لکھ سکتے ہیں ۔ چیف جسٹس نے تجویز دی کہ کمیٹی کومستقل کردیتے ہیں کمیٹی پیسہ لاکردے۔سیکرٹری خزانہ نے کہاکہ قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری درکارہے اثاثوں کی پاکستان منتقلی پر کئی اجلاس ہوچکے ہیں، جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ ہرلیکس میں آتاہے کہ پاکستانیوں کی کتنی جائیدادیں باہرہیں ملک کاپورانظام ایلیٹ طبقے کوسپورٹ کرتاہے حکومت کوابتک ایکشن لیناچاہیے تھا ۔ سیکرٹری خزانہ نے کہاکہ پیسے کوباہر جانے سے روکنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے ، چیف جسٹس نے کہاکہ اس ضمن میں حکومت آرڈیننس بھی جاری کرسکتی ہے ، چیف جسٹس نے کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ ایف بی آر نے اس حوالے سے اب تک کیاکیاہے ؟ملک کاپیسہ باہر جانے سے تباہی ہوتی ہے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر گورنر اسٹیٹ بینک بھی پیش ہوں ،آئندہ سے روزانہ کی بنیاد پر کیس کو چلائیں گے۔پہلے یہ تفصیلات آ جائیں کہ پاکستان کے شہریوں کی بیرون ملک کیا جائیدادیں ہیںپھر دیکھیں گے کیا قانون سازی ہو سکتی ہے کیا فیصلہ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگ اوپن مارکیٹ سے ڈاکر خرید کر فارن اکاونٹ سے باہر بھیج دیتے ہیںحکومت نے اب تک کیا کیا ہے کیا حکومت سو رہی ہے؟بعد ازاں عدالت نے سماعت 20مارچ تک ملتوی کردی۔