چین نے سلامتی کونسل کمیٹی میں مسعوداظہرپرپابندی عائد کرنے کے مطالبہ کی قرارداد پھر روک دی
چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی میں وہ قرارداد پھرروک دی ہے جس میں جیش محمد کے سربراہ مولانامسعوداظہرپرپابندی عائد کرنے کامطالبہ کیاگیاہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کمیٹی میں ادارے کے لئے چین کے مشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیاہے کہ چین نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی طرف سے مشترکہ درخواست پر فنی بنیاد پریہ معاملہ التواء میں ڈالاہے جس میں مولانامسعوداظہر کواسلحہ کی فراہمی ،سفری پابندی اور اُن کے اثاثے منجمد کرنے پرزوردیا گیاہے۔یہ تیسراموقع ہے کہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل ادارے کی پابندیوں کی فہرست میں مولانا مسعوداظہر کانام شامل کرنے کی درخواست پرغورکررہی ہے۔اُدھرچین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ میں کہاکہ چین کی حکومت سلامتی کونسل کمیٹی میں اس امرکاجائزہ لینے کے لئے ذمہ دارانہ اندازمیں کام جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ اس مسئلے پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اُس کے ذیلی اداروں کے قوانین اور طریقوں کے مطابق غورکیاجاناچاہیے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ چین اس قرارداد پرمتعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے اوراس نے ہمیشہ مناسب موقف اختیارکیاہے۔