اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی پاکستان میں مصروفیات جاری ہیں، صدر عارف علوی سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ای سی او ممالک جنوبی و شمالی یورپی ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی بحالی کے لیے معاونت کرنے والا ای سی او تنظیم کا سب سے بڑا ملک ہے۔ ای سی او کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، خطے میں امن و استحکام اور تعاون کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ صدر مملکت سے ملاقات کے بعد سیکریٹری جنرل وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ کو آرگنائزیشن کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ آرگنائزیشن خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششیں کر رہی ہے، مختلف ممالک میں تجارتی رابطوں کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہیں۔