برازیل کے اسکول میں فائرنگ,6 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک،7افراد زخمی

برازیل کے ایک اسکول میں 2سابق طلبا نے فائرنگ کر کے 6بچوں اور 2شہریوں کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے شہر سا پالو کے ایک اسکول میں 2نقاب پوش افراد نے دھاوا بول دیا، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 6بچے ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس کے پہنچتے ہی حملہ آوروں نے خود کو گولی مار کر ہلاک کردیا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک مزدور اور راہگیر بھی ہلاک ہوگیا۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں 4بچوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 17افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ صبح 9بجے پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں حملہ آوروں نے پولیس کو دیکھتے ہی خود کو گولی مار لی، حملہ آوروں کی عمریں 20سے 25سال کے درمیان تھیں اور وہ اسکول ہی کے سابق طالب علم تھے۔