پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے دوران الیمینیٹر - 1 میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ فیصلہ کراچی کنگز کے لیے نہایت ہی مفید ثابت ہوا جہاں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بابر اعظم نے عالمی نمبر 2 کولن منرو کے ہمراہ مل کر صرف 21 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
کولن منرو 11 گیندوں پر 32 رنز بنانے کے بعد محمد موسیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو پھر بھی کراچی کنگز کے رنز کی رفتار میں کمی نہیں ہوئی۔بابر اعظم اور لیام لیونگسٹن نے مل کر ابتدائی 10 اوورز میں ٹیم کے اسکور کو ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز تک پہنچادیا۔لیام لیونگسٹن اور بابر اعظم کے درمیان بھی نصف سنچری پارٹنرشپ قائم ہوئی، تاہم اس کے بعد لیونگسٹن 30 رنز بنانے کے بعد 102 کے مجموعے پر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔کراچی کنگز کو تیسرا بڑا نقصان 108 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم بھی 42 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔کولن انگرام 23 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کراچی کنگز نے اختتامی 10 اوورز میں نہایت ہی مایوس کن کھیل پیش کیا جہاں ٹیم نے صرف 4 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 61 رنز بنائے۔ہوم ٹیم اپنے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز ہی بناسکی۔