کوروناوائرس کے پھیلائوکو روکنے کیلئے اعلیٰ سطح کی قومی رابطہ کمیٹی تشکیل
حکومت نے ملک میں کوروناوائرس کے پھیلائوکوموثرطریقے سے روکنے کے لئے اعلیٰ سطح کی ایک قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا جس میں ملک میں کوروناوائرس کے تناظرمیں پیدا ہونے والی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔بعدمیں اطلاعات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کے ہمراہ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صحت کے بار ے میںمعاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزا نے کہاکہ قومی رابطہ کمیٹی متعلقہ وفاقی وزراء ،وزراء اعلیٰ، پاک فو ج کے سرجن جنرل اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آراورڈی جی ملٹری آپریشن کے نمائندوں پرمشتمل ہوگی جبکہ وہ خود اس کے کنوینئرہوں گے۔انہوں نے کہاکہ قومی رابطہ کمیٹی روزانہ کی بنیادپرصورتحال کاجائزہ لے گی اور کمیٹی کاپہلا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ این ڈی ایم اے قدرتی آفات سے نمٹنے کاانتظامی ادارہ ہے جو تمام اقدامات کی نگرانی کرے گا۔اجلاس میں کئے گئے دوسرے فیصلوں میں تین ہفتے کے لئے تعلیمی اداروں کی بندش، عوامی اجتماعات پرپابندی اورایران اورافغانستان کے ساتھ مغربی سرحدمکمل طورپربند کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔کمیٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لئے اسلام آباد، لاہور اورکراچی کے سوا تمام ہوائی اڈے بند کرنے کابھی فیصلہ کیا۔تاہم بندرگاہیں سکریننگ اورنگرانی کے اضافی انتظامات کے ساتھ بدستورفعال رہیں گی تاکہ تجارتی سرگرمیاں متاثرنہ ہوں۔ڈاکٹرظفرمرزانے وزیراعظم کے اس بیان کاحوالہ دیا کہ کوروناوائرس سے عوام کاتحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔