کورونا وائرس : برطانیہ میں بڑے اجتماعات پر پابندی کا امکان
لندن : برطانوی حکام کی جانب کرونا وائرس (کوویڈ 19) کے پیش نظر اگلے ہفتے سے بڑے اجتماعات پر پابندی لگانے کا امکان ظاہرکیا جارہا ہے۔ برطانیہ میں اگلے ہفتے سے بڑے اجتماعات پر پابندی لگنے کا امکان ہے، اس حوالے سے برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اجتماعات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کاروباری تنظیموں کے ساتھ مل کر کرونا وائرس کے باعث ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگارہی ہے۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے ایمرجنسی قانون کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے، پابندی کی صورت میں مذہبی اجتماعات بھی متاثر ہوں گے، نماز جمعہ کے اجتماعات اور نماز جنازہ بھی پابندی کی زد میں آسکتے ہیں۔ مقامی خبر رساں اداروں کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ برطانوی ہیلتھ سیکریٹری کی جانب سے تمام مساجد کو احتیاطی تبدابیر پر عمل کرنے کی ہدایات دی جاچکی ہیں۔