کورونا وائرس کی تشخیص 15 منٹ میں کرنے والی کٹ تیار
ٹیکسٹائل اور کیمیائی مصنوعات تیار کرنے والی ایک جاپانی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ نئے کورونا وائرس کی جلد تشخیص کرنے والی کٹس کی درآمد اور فراہمی شروع کر رہی ہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان میں فی الحال یہ ٹیسٹ کرنے پرتقریباً 6 گھنٹے لگتے ہیں۔ کورابو انڈسٹریز کا کہنا ہے کہ نئی کٹس خصوصی آلات کے بغیر یہ کام صرف 15 منٹ میں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔کمپنی یہ کٹس اپنے چینی شراکت دار سے درآمد کرے گی جس نے اسے تیار کیا ہے۔ یہ کٹس رواں ماہ مارکیٹ میں دستیاب ہونے کی توقع ہے۔اس کٹ میں خون کے چھوٹے سے نمونے میں اینٹی باڈیزکی موجودگی کا پتا چلانے کے لیے ایک خاص مادہ استعمال ہوتا ہے۔ کورابو کے حکام کا کہنا ہے کہ چین میں ان کٹس کے استعمال کے دوران 95 فیصد درست نتائج آئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ جاپان میں روزانہ 10 ہزار کٹس مہیا کر سکتی ہے۔