نوازشریف کے بیان کو نہیں انگریزی اخبار کی رپورٹ کو مسترد کیا۔ استعفیٰ نہیں دے رہا، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ممبئی حملے سے متعلق پیدا نئی صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس اور پھر نوازشریف سے ملاقات کے بعد سینئر صحافیوں کو اسلام آباد میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی ملک کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ نوازشریف نے انگریزی اخبار کو انٹرویو میں ایسی بات نہیں کی جس میں کہا گیا ہے کہ ممبئی حملہ ریاست پاکستان نے کرایا تھا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے بھی نوازشریف کے بیان کی نہیں بلکہ انکے بیان کو غلط انداز میں پیش کرنے اور اس کی غلط تشریح کرنے والے اخبار کی رپورٹ پر اظہار مذمت کیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ آج بھی نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہبازشریف اور نواز شریف دونوں الیکشن میں شریک ہوں گے اور جیت کر دکھائیں گے۔ شاہدخاقان عباسی نے اپنے استعفٰی سے متعلق سوال پر کہاکہ وہ استعفٰی دینے والے نہیں ہیں۔ وہ اکتیس مئی تک اپنی حکومت کی مدت گزاریں گے