محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور بعض اوقات تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے.پنجاب کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ جبکہ شہر قائد کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، تاہم گرمی کی شدت 42 ڈگری سے زائد محسوس کی جائے گی۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کوہستان اور مانسہرہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی آ سکتی ہے۔ ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم وہاں بھی عمومی طور پر موسم خشک اور نسبتاً گرم رہے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک گرمی کی یہی لہر برقرار رہ سکتی ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ملک بھر میں گرمی کی دستک،جنوبی پنجاب اور کراچی میں درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافے کا امکان
May 14, 2025 | 10:51