گوجرانوالہ میں جائیداد کے تنازعے پر باپ نے بیٹے پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی
گوجرانوالہ میں گارڈن ٹاﺅن چالیس فٹ بازار کے رہائشی بتیس سالہ افتخارکا اپنے والد اور بھائیوں کے ساتھ آبائی مکان کی وراثت کا تنازعہ چل رہا تھا۔ افتخار کے والد عبدالرشید نے بیٹوں امتیاز، ارشاد اور ناصر کے ساتھ مل کر چوتھے بیٹے افتخار پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر افتخار کوشدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق افتخار کے جسم کا اسی فیصد سے زائد جھلس چکا ہے اور اسے انتہائی تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب تھانہ کھیالی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جلایا گیا شخص افتخار چار بچوں کا باپ بتایا گیا ہے۔