گوادرکی بندرگاہ سے تجارت کا آغاز تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ سید آغا نواب شاہ
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ سید آغا نواب شاہ نے عوامی جمہوریہ چین سے پاک چین اکنامک کوریڈور کے مغربی روٹ کے ذریعے درجنوں مال بردار گاڑیوں کے قافلوں کا گوادر پہنچنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوادر بندر گاہ کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ، بندرگاہ سے تجارت کا آغاز گوادر سمیت پاکستان بھر کے عوام اورتاجروں کے لیے تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے روزگار کے مواقع بڑھنے کے ساتھ ساتھ تجارتی حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو ”اے پی پی“سے ایک خصوصی انٹر ویو میں کہی،سید آغا نواب شاہ نے کہا کہ گوادر مستقبل کا عظیم الشان بندرگارہ بننے جارہا ہے جو پورے خطے کے عوام کی قسمت بدلنے میں اہم ترین کردار ادا کرے گا،اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلقات کو کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا،انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان میں تجارت اور صنعت کو فروغ اور ترقی وخوشحالی کے روشن دور کا آغاز ہوگاجبکہ بے روزگاری میں کمی اور سرمایہ کاروں کی آمدروفت میں تیزی اور کاروبارکو فروغ ملے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سے پہلے تجارتی قافلے کی عالمی منڈیوں کے لیے روانگی پاکستان اور چین سمیت پورے خطے کے لیے مفید ثابت ہوگی جبکہ اس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے اور مثالی دور کا آغاز ہوگا۔