پانامہ لیکس: وزیراعظم کے بچوں نےاپنا وکیل تبدیل کرلیا۔
سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق کیس میں وزیر اعظم کے بچوں نے اپنا وکیل تبدیل کر لیا ۔ وزیراعظم کے بچوں کا دفاع اب اکرم شیخ کریں گے،اکرم شیخ نے سپریم کورٹ میں اپنا وکالت نامہ جمع کرادیا اور منگل کو پانامہ لیکس سے متعلق کیس میں اپنے موکلین کی جانب سے پیش ہوںگے۔ نواز شریف کے بچوں مریم نواز، حسین، حسن نوازاور وزیر اعظم کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کی جانب سے سپریم کورٹ میں وکیل تبدیل کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کی گئی ہے ۔ عدالت عظمی سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ سلمان اسلم بٹ کی جگہ اکرم شیخ کو وکیل مقرر کرنا چاہتے ہیں،سینئر قانون دان اکرم شیخ نے سپریم کورٹ میں اپنا وکالت نامہ جمع کرادیا ۔ دوسری جانب عمران خان کی دائر 686 صفحات پر مشتمل دستاویزات میں کہا گیا کہ 1988 سے 1991کے دوران شریف خاندان نے 14 کروڑ 50 لاکھ منی لانڈرنگ جبکہ 5 کروڑ 60 لاکھ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیے ۔ بیرون ملک بھجوائی گئی رقم کا ٹیکس گوشواروں میں ذکر تک نہیں جبکہ اس دوران صرف 897 روپے انکم ٹیکس ادا کیا گیا ۔ وزیر اعظم کے خاندان کے ذمے 6 ارب روپے سے زائد کا بینک قرض بھی واجب الادا ہے۔