گستاخانہ خاکوں کی روک تھام یقینی بنائی جائے‘ عمران خان: آسیہ کے معاملہ پر بحث ملتوی کر دی‘ صدر یورپی پارلیمنٹ
اسلام آباد (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان کو یورپی پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے ٹیلیفون کیا جس میں وزیر اعظم نے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کے احترام کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ڈائیلاگ ناگزیر ہیں، یورپی پارلیمنٹ کے صدر نے آسیہ اور اس کے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ انتونیو تاجانی نے پاکستان کے ساتھ یورپی پارلیمنٹ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یورپی پارلیمنٹ میں آسیہ بی بی کے معاملے پر بحث ملتوی ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ آئین کے تحت آسیہ اور اس کے خاندان کو تمام حقوق حاصل ہیں۔ وزیر اعظم نے گستاخانہ خاکوں پر حکومت اور عوام کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے کوششوں کو تیز کرنا ہو گا۔ یورپی ملک مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔ وزیر اعظم نے توہین آمیز اقدامات کی روک تھام کے لئے یورپی عدالت کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ توقع ہے یورپی ممالک عدالتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ توقع ہے یورپی ملک بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اقدامات کرینگے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پی کے میں بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق اجلاس میں بلدیاتی نظام کی تنظیم پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر سکے۔ نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسے دیہات کی سطح پر خرچ ہوں گے نئے بلدیاتی نظام سے پیسے کا ضیاع اور کرپشن ختم ہو گی۔ عوام کو اپنی ترجیحات کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہو سکے گی۔ عوام کے اپنے نمائندے منتخب ہو کر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کرسکیں گے۔ نئے بلدیاتی نظام میں ایسی قانون سازی ہو گی کہ عوام براہ راست احتساب کر سکیں گے۔ ذاتی مفاد اور کرپشن کے خاتمے کیلئے نیا نظام معاون ثابت ہو گا۔ قبل ازیں کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے، آئندہ چند ماہ میں واضح تبدیلی دیکھنے میںآئے گی۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کریں، لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو کراچی کے شہریوں کو پانی، نکاسی آب سمیت درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ کراچی پیکیج پر پیشرفت کے بارے میں بتایا۔ وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل اور کراچی کے شہریوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ دیوالی کا کیک بھی کاٹا۔ وزیر آعظم سے رکن قومی اسمبلی فخر امام نے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وزارتِ دفاعی پیداوار پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا ملک کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کمرشل و دیگر سماجی سرگرمیوں، شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں، حکومت وزارت دفاعی پیداوار کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرے گی، گوادر شپ یارڈ کی تعمیر کے لئے وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اﷲ خان نے بھی منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ اسلام آباد میں تجاوزات سے متعلق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں من پسند تبدیلیوں نے شہر کا نقشہ بگاڑ دیا ہے۔ اسلام آباد کو ماڈل شہر بنائیں گے۔ حکومت نے ماسٹر پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے بڑے لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے سے بڑے مگرمچھوں کی فہرستیں طلب کرلی ہیں جبکہ اداروں کی کوآرڈینیشن کمیٹی بھی قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریڑھی بانوں اور پتھاروں کی بجائے بڑے آپریشن کئے جائیں۔ لینڈ اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔