ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ: پاکستان نے آئرلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید باقی رکھ لی۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں جویریہ خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید باقی رکھ لی، پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 139 رنز بنائے، کپتان جویریہ خان نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جواب میں آئرلینڈ ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 101 رنز بنا سکی، ثناءمیر، ایمن، ناشرہ اور عالیہ ریاض نے 2، 2 وکٹیں لیں، جویریہ خان میچ کی بہترین کھلاڑی قرا رپائیں۔ پروویڈنس میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے نویں میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کپتان جویریہ خان نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور 74 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہیں، عائشہ ظفر 21، عمیمہ سہیل 18، ناہیدہ خان 10، ندا ڈار 9، عالیہ ریاض ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئیں، ریلی نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں آئرلینڈ ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 101 رنز تک محدود رہی، جائس 30 اور شیلنگٹن 27 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں، ثناءمیر، ایمن، ناشرہ اور عالیہ ریاض نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔