حکومت انسانی وسائل کی ترقی اور معاشرے کے محروم طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے آسامیاں پیداکرنے پرتوجہ دے رہی ہے،وزیر منصوبہ بندی ترقی مخدوم خسرو بختیار
اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی ترقی مخدوم خسرو بختیار سے HERALD FINGER قیادت میں آئی ایم ایف مشن کی ملاقات۔ منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے HERALD FINGER کی قیادت میں آئی ایم ایف مشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انسانی وسائل کی ترقی اور معاشرے کے محروم طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے آسامیاں پیداکرنے پرتوجہ دے رہی ہے۔وفاقی وزیر نے مشن کو بتایا کہ اقتصادی صورتحال کومدنظررکھتے ہوئے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کوبہتربنایا گیا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے قومی معیشت کی بحالی اور اسے پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے متعدد اصلاحی اقدامات کیے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ دی جارہی ہے جن میں یہ برآمدات یا درآمدی بل کم کرنے پربراہ راست اثرانداز ہوں۔انھیں بتایا گیاکہ فنڈز کی فراہمی کے نئے طریقے بھی تلاش کیئے جارہے ہیں۔ملکی محاصل میں اضافے کے ذریعے مجموعی ملکی پیداوار کی شرح پر ٹیکس بڑھانے کی مد میں اقتصادی منصوبہ بندی میں تیزی لائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جس میں صنعتکاری ، سماجی واقتصادی اقدامات اور مشترکہ منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے ۔آئی ایم ایف کے مشن نے سی پیک کے ابتدائی مرحلے میں توانائی کی پیداوار میں اضافے کو سراہا اور کہاکہ اس سے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں مدد ملے گی ۔