غزہ پراسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے اقوام متحدہ حرکت میں آگئی
غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی یلغار کے بعد مشرق وسطی کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نیکولائے میلاڈینوف مصر پہنچ گئے جہاں وہ مصری قیادت سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے بات چیت کریں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیکولائے میلا ڈینوف غزہ کی پٹی میں حالات کو پرسکون بنانے اور جنگ بندی کی کوششوں کے لیے قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مندوب مصری حکومت کے ساتھ مل کر دونوں فریقوں فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی ریاست پر حملے روکنے کے لیے دبائو ڈالیں گے۔ادھر رپورٹ میں مذاکرات میں شریک عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ کی صورت حال بہت پیچیدہ ہے اور فریقین کو جنگ بندی پرقائل کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔خیال رہے کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان تازہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب اسرائیلی فوج نے بزدلانہ حملے میں اسلامی جہاد کے ایک سینئر کمانڈر بہا ابو عطا کو ان کی اہلیہ سمیت شہید کردیا۔ اس کے بعد فلسطینیوں نے اسرائیل پر میزائل اور راکٹ برائے جس میں درجنوں یہودی آباد زخمی ہوئے جب کہ قابض فوج کی مسلسل وحشیانہ زمینی اور فضائی بمباری کے نتیجے میں اب تک ایک درجن فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہوچکے ہیں۔