دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی, شیڈول جاری
دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلے گی ۔ سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک شاندار خبر ہے۔ سیریز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ ذاکر خان کا کہنا تھا کہ سیریز کے لیے معیاری انتظامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ یقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لئے یہاں کنڈیشنز سازگار ہیں۔ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ سخت ہو گا، شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔