منشیات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کو نشان عبرت بنائیں گے:شہریار آفریدی
وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کو نشان عبرت بنائیں گے،سینتھیٹک نشے کو ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے ،منشیات کے کاروبار میں بڑے بڑے مگر مچھ ملوث ہیں۔پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے منشیات کے خلاف وہ جہاد کیا جس کی مثال پوری دنیا دیتی ہے، انسداد منشیات فورس کی کارکردگی مثالی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے کیوں منشیات کے خلاف اقدامات نہیں اٹھائے؟ پولیس کے ہسپتا لوں میں ری ہیب سینٹر بنانے پر کسی نے توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں مختلف قسم کی منشیات مل رہی ہوتی ہے، منشیات کے ناسور کو سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار سمجھا جاتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کے کسی بڑے اسکول میں یوتھ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، انہیں منشیات کون سپلائی کر رہا ہے؟ آج والدین کو یہ نہیں پتا کہ سینٹیتھک ڈرگز کیا ہے، اس حوالے سے ہم قانون سازی کر رہے ہیں،وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ گھر گھر جا ئو اور سب کو بتا ئوکہ ایٹم بم سے زیادہ خطرناک سینتھیٹک ڈرگز ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں، پلوں کے نیچے لوگ نشے میں ہوتے ہیں، کیا یہ ہماری اولادیں نہیں ہیں؟ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ اے این ایف کے جوانوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے جانوں کی قربانیاں بھی دی ہیں، منشیات کے کاروبار میں بڑے بڑے مگر مچھ ملوث ہیں، منشیات کے کاروبار میں کوئی بھی ملوث ہو، نشان عبرت بنائیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف آگاہی مہم شروع کر دی ہے، ہم گھر گھر، اسکول، یونیورسٹی جا رہے ہیں اور آگاہی دے رہے ہیں، سب منشیات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان کا کہنا ہے کہ جو ہماری نسل کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، ملک میں ان کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، چاہے کوئی جتنا بھی بڑا آدمی ہو، منشیات کے کیس میں معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کی بہتر پروش کے لیے دو دو نوکریاں کر رہے ہیں لیکن بچوں کو وقت نہیں دے رہے، آج یہ سینتھیٹک ڈرگز ہر گھر پر دستک دی رہی ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ جب قوم کے حکمران سوتے رہتے ہیں تو قوموں کے جنازے نکلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اینٹلیجنس ڈیٹا تیار کیا ہے جس میں دنیا بھر میں منشیات کیسوں میں سزا یافتہ افراد کی معلومات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ فری پاکستان کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم نے سی پیک کے پورے روٹ کو ڈرگ فری بنانا ہے، سی پیک روٹ پر اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی کو نصب کریں گے۔