وزیر اعظم عمران خان آنے والی نسل کے لیے کام کر رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سیاسی غلامی کا نسل در نسل طوق اتار دیا گیا ہے، عمران خان آنے والی نسل کے لیے کام کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے حلقہ پی پی 167 میں سیوریج کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاسی غلامی کا نسل در نسل طوق اتار دیا گیا ہے، کچھ کنیزیں وزیر اعظم پر انگلیاں اٹھا رہی ہیں، کنیزیں راج کماری کی کرپشن کا دفاع کر رہی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے اندر یا باہر ہونا عوامی نمائندگی کا معیار نہیں، کچھ سیاسی بونے چند ہزار ووٹ لے کر اسمبلیوں میں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ 73 سالوں کے گند کی صفائی 2 سال میں نہیں ہو سکتی، عمران خان آنے والی نسل کے لیے کام کر رہے ہیں، مخالفین نے شو بازی والے منصوبے بنائے تاکہ کک بیکس زیادہ ہوں، قرضے لے کر آنے والی نسلوں کو مقروض کیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے کام کیا اور ڈھول نہیں پیٹا، لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے اشرافیہ کے لیے منصوبے بنائے۔ مسترد ٹولہ اب چور دروازہ ڈھونڈ رہا ہے، سیاسی مفادات کے لیے ریاست کو داؤ پر نہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپیل کرتی ہوں کہ کرونا وائرس ایس او پیز پر عمل کریں، آنے والے چند ماہ بہت زیادہ خطرناک ہیں